میاں اسلم اقبال

عام آدمی کا مفاد بے حد مقدم ہے اور اس مقصد کیلئے ہر ضروری قدم اٹھائیں گے،میاں اسلم اقبال

لاہور(عکس آن لائن)صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیرصدارت گزشتہ روزپولٹری ، کریانہ مرچنٹس ، بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشنوں کے نمائندوں کا مشترکہ اجلاس ہوا۔سیکرٹریٹ میں ہونے والے اجلاس میں قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیاگیا۔عام آدمی کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے ریلیف کی فراہمی کے اقدامات پر بھی غورہوا۔اجلاس میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے مشاورتی عمل جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔سیکرٹری صنعت و تجارت کیپٹن (ر) ظفر اقبال، ڈی جی انڈسٹریز ، متعلقہ محکموں کے افسران اور یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے زونل ایم ڈی نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کے دوران دالوں کے خام مال کی درآمد پر مراعات دے کر دالوں کی قیمتوں میں کمی لانے کی تجویز کا بھی جائزہ لیاگیا۔صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ عام آدمی کا مفاد بے حد مقدم ہے اور اس مقصد کیلئے ہر ضروری قدم اٹھائیں گے۔انہوں نے کہاکہ مارکیٹوں میں رسد بڑھا کر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لائی جاسکتی ہے اس لئے مارکیٹوں میں اشیائے ضروریہ کی طلب و رسد پر خصوصی نظر رکھی جائے۔میاں اسلم اقبال نے کہاکہ تاجرو ں اور صنعتکاروں کے جائز مسائل حل کریں گے اور انہیں کاروبار کیلئے بہترین ماحول دیں گے۔انہوں نے کہاکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام لانے کیلئے کاروباری ایسوسی ایشنز قابل عمل تجاویز دیں۔پولٹری انڈسٹری کے مسائل حل کرنے کیلئے ہرممکن کوشش کریں گے اورپولٹری کو قابل برآمد پراڈکٹ بنانے کیلئے بھی اقدامات کئے جائیں گے

۔انہوں نے کہاکہ کاروباری ایسوسی ایشنوں سے ملاقاتوں کا مقصد قیمتوں میں کمی لانا ہے اور یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔کاروباری ایسوایشنز کے نمائندوں نے اشیاء کی پیداواری لاگت کم کرنے اور بعض ٹیکسوں اور ڈیوٹیوں میں کمی لانے کی تجاویز دیں۔سہیل بٹ سرپرست اعلیٰ اکبری منڈی فوڈگرین کریانہ ایسوسی ایشن و دیگر عہدیداران،بناسپتی مینوفیکچررزایسوسی ایشن کے خواجہ عارف قاسم ، ملک عابد، چوہدری وحید، بریگیڈیئر (ر) حامد خالد،میجر(ر) عمر اسلام اور دیگر نے اجلاس میں شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں