اوٹاوا (عکس آن لائن )کینیڈا میں تعینات پاکستان کے ہائی کمشنر رضا بشیر تارڑ نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیری عوام کی مرضی اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔ اوٹاوا میں یوم یکجہتی کشمیر سے متعلق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رضا بشیر تارڑ نے کہا بھارت میں بی جے پی حکومت کا مقصد ہندو بادشاہی نظام قائم کرنا ہے ۔
انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں سیاسی رہنماوں اور کارکنوں سمیت ہزاروں افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ لوگوں کو اسپتالوں ، ہنگامی خدمات اور حتی کہ جان بچانے والی ادویا ت تک رسائی حاصل نہیں ہے۔ اشیائے خوردونوش کی کمی ہو گئی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پورے بھارت میں 13000 نوجوان لڑکوں کو اغوا کرکے جیلوں میں بند کر دیا گیا ہے۔انہوں نے پاکستانی کینیڈین کی تعریف کی جنہوں نے کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مظاہرے میں شرکت کی۔