اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہاہے کہ عالمی اداروں اور ممالک کی جانب سے 10 ارب ڈالر سے زائد امداد کا اعلان قابل تعریف ہے،عالمی دنیا نے پاکستان میں سیلاب اور ماحولیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں کا اعتراف کیا ہے، پاکستان کو سیلاب زدگان کی بحالی اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو کیلئے وسائل درکار تھے۔ جنیوا کانفرنس کے حوالے سے اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ حکومت پاکستان اور اقوام متحدہ کی جانب سے جنیوا کانفرنس میں عالمی شراکت داروں نے بھرپور مدد کا اعادہ کیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ سیلاب کے بعد پاکستان کے ریزیلینٹ ریکوری، بحالی اور تعمیر نو فریم ورک کی تعمیل میں عالمی اداروں اور ممالک کی جانب سے 10 ارب ڈالر سے زائد امداد کا اعلان قابل تعریف ہے۔انہوںنے کہاکہ یہ رقم سیلاب زدگان کی مکمل بحالی اور تعمیر نو کیلئے استعمال ہوگی، عالمی دنیا نے پاکستان میں سیلاب اور ماحولیاتی تبدیلیوں کی تباہ کاریوں کا اعتراف کیا ہے۔
شیری رحمان نے کہاکہ پاکستان کو سیلاب زدگان کی بحالی اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو کیلئے وسائل درکار تھے، یہ پاکستان کی ایک بہت بڑی کامیابی ہے۔ انہوںنے کہاکہ اس ساری عمل میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی مسلسل کاوشیں قابل تحسین ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ سیلاب کے بعد وہ عالمی سطح پر پاکستان میں کمزور اور متاثرہ لوگوں کی آواز بن کے سامنے آئے، حکومت پاکستان کی اولین ترجیح سیلاب زدگان کو ان کے گھر اور زندگیاں واپس دینا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم اس حوالے سے مسلسل جدوجہد کر رہے ہیں اور اس مشن میں مکمل کامیابی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،دوسری طرف ملک میں ایک جماعت مسلسل انتشار اور غیریقینی کی صورتحال پیدا کرنے میں مصروف ہے۔ انہوںنے کہاکہ عالمی دنیا دیکھ رہی ہے کہ ہماری اور اس جماعت کی ترجیحات میں کتنا فرق ہے۔