لاہور(عکس آن لائن )صوبہ بھر کی سرکاری جامعات میں قرآن پاک بطور نصاب پڑھانے کے ایس او پیز جاری کردئیے گئے، قرآن پاک کا نصاب پڑھنے کے بعد امتحان پاس کرنے کی شرط عائد کر دی گئی،قرآن پاک کا نصاب اسلامیات کے مضمون کے علاوہ پڑھایا جائے گا اور قرآن پاک کا نصاب یونیورسٹیوں میں بطور لازمی مضمون پڑھایا جائے گا۔
قرآن پاک کے نصاب کے ایس او پیز کیلئے گورنرپنجاب کی طرف سے قائم کی گئی کمیٹی کے سربراہ وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد نے اے پی پی کوبتایا کہ پنجاب کی سرکاری یونیورسٹیوں میں قرآن پاک کا نصاب پڑھانے کیلئے ضابطہ مقرر کر دیا گیا ہے، جس کے مطابق قرآن پاک کا نصاب ایک کریڈٹ آور پر مشتمل ہوگا اور ہفتے میں ایک گھنٹہ قرآن پاک کی کلاس پڑھائی جائے گی۔
یونیورسٹیوں میں طلبا کو قرآن پاک اور اسکا ترجمہ اردو یا انگریزی میں پڑھنے کی آپشن بھی دی جائے گی، قرآن پاک کا نصاب یونیورسٹیوں میں بی ایس آنرز کلاسز میں پڑھایا جائے گا اور قرآن پاک کے نصاب کی تیاری کا اختیار یونیورسٹیوں کو دیدیا گیا۔گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے ایس او پیز منظوری کے بعد صوبے کے تمام وائس چانسلرز کو ارسال کر دیئے ہیں۔