لاہور(عکس آن لائن)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صحت مند پنجاب کیلئے ٹی بی کے خاتمے کی جنگ کو جیتنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے انسداد ٹی بی کے عالمی دن پر خصوصی پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کادن ٹی بی کے مکمل سدباب کیلئے ہمارے غیر متزلز ل عزم کا اظہار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹی بی قابل علاج ہے،عوام میں اس امر کی آگاہی بہت ضروری ہے، صحت مند پنجاب کیلئے ٹی بی کے خاتمے کی جنگ کو جیتنا ہوگا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ بروقت تشخیص اورموثر علاج کے ذریعے ٹی بی کا خاتمہ ممکن ہے، ٹی بی کی وجہ سے لقمہ اجل بننے والے مریضوں کی جان موثر علاج سے بچائی جاسکتی ہے۔
انہوں نےکہا کہ ٹی بی سے بچاؤ کیلئے معاشرے کے ہر طبقے کی معیاری علاج تک رسائی کو یقینی بنانا پڑے گا، ٹی بی کے خاتمے کیلئے جدوجہد تر ک نہیں کی جائے گی۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ موذی مرض کے سدباب کیلئے ہم سب کو مل جل کر کام کرنا ہوگا، ٹی بی کی وجہ سے لقمہ اجل بننے والی ماؤں،بہنوں اوربیٹیوں کو بچانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔