دمشق(عکس آن لائن)شامی آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے اطلاع دی ہے کہ شام کے شمالی شہر حلب کے دیہی علاقے حیان میں نامعلوم میزائل حملے کے نتیجے میں کم سے کم بارہ افراد ہلاک ہو گئے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ علاقہ ایران نواز دھڑوں کے زیر کنٹرول ہے جہاں متعدد گروپوں کے مراکز قائم ہیں۔رصدگاہ کے مطابق حلب کے دیہی علاقوں پر اسرائیلی حملے کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد ہلاک ہوئے۔ جب کہ اسی آبزرویٹری نے مزید بتایا کہ دھماکے ایک ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب حلب کے مغربی دیہی علاقوں کفرعمہ اور نوران میں ھیء تحریر الشام اور دوسرے دھڑوں کے ٹھکانوں پر زیادہ دھماکہ خیز البرکان میزائلوں کی بمباری کی گئی تھی۔
دوسری جانب شام کی وزارت دفاع نے بعد میں ایک بیان میں کہا کہ رات گئے اسرائیل نے حلب کے جنوب مشرق کی سمت سے ایک فضائی حملہ کیا، جس میں حلب کے آس پاس کے کچھ مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حملے میں متعدد افراد ہلاک ہوئے اور کچھ املاک کو نقصان پہنچا ہے۔ ممکنہ طور پر اسرائیلی حملوں میں حلب کے شمال میں واقع قصبے حیان میں ایرانی ملیشیا کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔
حملے کے بعد ایمبولینسوں اور امدادی کارکنوں کو جائے وقوعہ کی طرف جاتے دیکھا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ لبنانی حزب اللہ سے منسلک متعدد جنگجو ہلاک اور زخمی ہوئے۔آبزرویٹری کے مطابق حلب گورنری گذشتہ مہینوں کے دوران نسبتا پرسکون رہی ہے۔ مارچ میں ایک اسرائیلی فضائی حملے میں حلب کے قریب متعدد مقامات کو نشانہ بنایا گیا تھا جس کے نتیجے میں 52 افراد ہلاک ہوئے تھے۔