اسلام آباد (عکس آن لائن)الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے گوشواروں اور پارٹی فنڈز کی چھان بین سے متعلق کیس میں پارلیمنٹ میں موجود تمام جماعتوں کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 24فروری کو جواب طلب کر لیا ۔
بدھ کو چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے سماعت کی ۔درخواستگزار تحریک انصاف کی جانب سے وکیل شاہ خاور الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔سیاسی جماعتوں کے گوشواروں کی چھان بین سے متعلق پولیٹیکل فنانس ونگ نے رپورٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرا دی۔الیکشن کمیشن نے رپورٹ کی کاپی درخواستگزار کو فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔
الیکشن کمیشن نے 19 سیاسی جماعتوں کو نوٹس جاری کر دئیے ۔الیکشن کمیشن نے درخواستگزار کو ہدایت کی کہ آپ رپورٹ کا جائزہ لے کر اپنے اعتراضات دائر کر سکتے ہیں۔ممبر الیکشن کمیشن ارشاد قیصر نے کہا کہ الیکشن کمیشن میں تین سیاسی جماعتوں کے فنڈز کی چھان بین پہلے سے ہی چل رہی ہے۔