شیری رحمان

سازش کا الزام امریکہ پر لگاتے ہیں اور احتجاج الیکشن کمیشن کے باہر کرتے ہیں‘ شیری رحمان

اسلام آباد (نمائندہ عکس)وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی شیری رحمان نے کہا کہ سازش کا الزام امریکہ پر لگاتے ہیں اور احتجاج الیکشن کمیشن کے باہر کرتے ہیں۔اپنے جاری کردہ بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ پی ٹی آئی کے غیر ملکی فنڈنگ کیس کی سماعت ہے، ایک دن پہلے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کا مقصد آئینی ادارے پر دباو ڈالنا ہے۔شیری رحمان نے کہا کہ تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈنگ نہیں لی تو ڈر کس بات کا ہے؟

چیف الیکشن کمیشنر تحریک انصاف نے خود نامزد کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ ڈکٹیشن نہ لینے کے دعویدار اب کہتے ہیں چیف الیکشن کمشنر کا نام کہی اور سے آیا تھا، سازش کا الزام امریکہ پر لگاتے ہیں اور احتجاج الیکشن کمیشن کے باہر کرتے ہیں۔ شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان اپنے کارکنان اور ووٹرز کو بیانیے کی آڑ میں گمراہ کر رہے ہیں، عمران خان فارن فنڈنگ کیس میں این آر او مانگنے کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئینی اداروں کو این آر او لینے کے لیے متنازعہ بنانا قابل مذمت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں