کراچی (عکس آن لائن) پاکستان کے سب سے بڑے رئیل اسٹیٹ پورٹل زمین ڈاٹ کام کے زیر انتظام ’’زمین ایکسپو کراچی 2020 ‘‘ کا کامیابی سے اختتام ہو گیا جہاں 2 روز میں 90 ہزارسے زائد لوگوں نے شرکت کی۔
ایکسپو سنٹر کے ہال4، 5 اور 6 میں منعقد ہونے والی اس نمائش میں 140 سے زائد ڈویلپرز اور بلڈرز نے اپنی پراپرٹیز پیش کیں۔ زمین ڈاٹ کام کی جانب سے پاکستان بھر اور دبئی میں 19 ایکسپو منعقد کروائے جا چکے ہیں ، جن میں اب تک 1608 سے زائد نمائش کنندگان اپنی پراپرٹیز کی کامیاب نمائش کر چکے ہیں جبکہ ان ایکسپوز میں مجموعی طور پر 10 لاکھ سے زائد افراد نے شرکت کی ہے۔
نمائش کا افتتاح وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زید ی نے زمین ڈاٹ کام کے سی ای او ذیشان علی خان کے ہمراہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی زیدی نے کہا کہ زمین ڈاٹ کام اس نمائش کے انعقاد پر مبارکباد کی مستحق ہے، رئیل اسٹیٹ سیکٹر پاکستان کا سب سے اہم شعبہ ہے ،جس پر تبدیلیوں کے اثرات دورس ہوتے ہیں۔ حکومت اس شعبے کی تعمیر و ترقی کیلئے کوشاں ہے۔
ایکسپو کے دوسرے روز ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز کے چیئرمین محسن شیخانی نے کہا کہ پاکستان کا رئیل اسٹیٹ سیکٹر تیزی سے استحکام کی جانب گامزن ہے اوراس ایکسپو جیسے ایونٹس سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے میں مرکزی کردار ادا کرتے ہیں ،جو وقت کی اہم ضرورت ہے ۔
زمین ڈاٹ کام کے سی ای او ذیشان علی خان کا کہنا تھا کہا کہ اس ایکسپو کی کامیابی پر اللہ کے شکرگزار ہیں، انشااللہ اگلا ایکسپو ہم اسلام آباد میں کروائیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ایسی نمائشیں انڈسٹری کی ترقی کیلئے لازم و ملزوم ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ ایسی ایکسپو سے عام عوام کو بھی فائدہ حاصل ہوتا ہے جہاں اُن کو ایک ہی چھت تلے انڈسٹری سے متعلق تمام معاملات کے حوالے سے رہنمائی مل جاتی ہے جس سے اُن کیلئے کوئی بھی فیصلہ لینا بہت آسان ہو جاتا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ کامیابیوں کا یہ سفر انشااللہ جاری رہے گا اور اسلام آباد کے بعد ہم لاہور اور پھر دبئی میں بھی پراپرٹی ایکسپوز کا انعقاد کریں گے۔