خواجہ حبیب

زرعی اصلاحات اور شہری جائیداد کی حد مقرر کئے بغیر معیشت ترقی نہیں کرسکتی‘خواجہ حبیب

لاہور( عکس آن لائن )ایران پاک فیڈریشن آف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ زرعی اصلاحات اور شہری جائیداد کی حد مقرر کئے بغیر معیشت کو منصفانہ اور شراکتی نہیں بنایا جا سکتا،ماضی کی غلط معاشی پالیسیوں اور لوٹ مار کی وجہ سے پاکستان آج تک معاشی طور پر اپنے پاؤں پر کھڑا نہیں ہوسکا اور قرضوں پر سود ادا کرنے کے لیے بھی مزید قرضے لینے پڑتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے آفس میں تاجروں کے نمائندہ وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک شرح سود کی شرح کم نہیں ہو گی اس وقت تک ملک میں سرمایہ کاری میں اضافہ نہیں ہو سکتا، پاکستانی معیشت جمود کا شکار ہے، بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے کیلئے طویل المدت پالیسیاں بنانا ہوں گی۔خواجہ حبیب الرحمان نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنایا جائے، گورننس کو بہتر کیا جائے، کرپشن پر قابو پایا جائے اور گروتھ میں مڈل کلاس کے لوگوں کو بھی شامل کیا جائے،

وزیراعظم عمران خان تبدیلی کے نام پر اقتدار میں آئے ہیں ان کو ظالمانہ استحصالی سرمایہ دارانہ معاشی نظام میں انقلابی تبدیلیاں لانی چاہئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ انڈسٹری کو بجلی اور گیس کی مناسب داموں بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنا کر اور بہتر برآمدی پالیسی کیلئے فوری اقدامات کرکے عالمی تجارت میں اپنا حصہ بڑھایا جا سکتاہے، پٹرولیم مصنوعات سستی ہونے پر بہ آسانی معیشت کو پاؤں پر کھڑا کرنے کیساتھ قیمتی زرمبادلہ کمانے میں مدد دے سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں