نماز جنازہ

دہشتگرد حملے میں شہید کیپٹن فراز الیاس کی نماز جنازہ ادا، وزیراعظم کی شرکت

چونیاں(عکس آن لائن) لکی مروت میں دہشت گردوں کے حملے میں شہید ہونے والے کیپٹن محمد فراز الیاس کی نماز جنازہ ان کے آبائی گاوں چونیاں میں ادا کر کے انہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کر دیا گیا۔ وزیراعظم شہبازشریف سمیت عسکری حکام نے شہید کیپٹن محمد فراز الیاس کی نماز جنازہ میں شرکت کی، وزیراطلاعات عطا تارڑ، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور بھی نمازجنازہ میں شریک ہوئے۔

وزیراعظم نے شہید کیپٹن فراز الیاس کی میت کو کندھا دیا اور تدفین کے عمل میں حصہ لیا، بعدازاں شہید کو پاک فوج کے دستے نے سلامی پیش کی، عسکری حکام کی جانب سے قبر پر پھول رکھے گئے اور فاتحہ خوانی کی۔ تدفین کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے شہید کیپٹن فراز الیاس کے اہلخانہ سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی کسی کسی کو یہ عظیم مقام بخشتا ہے، قرآن مجید میں فرمان ہے شہید کو مردہ مت کہو یہ زندہ ہیں، شہید کیپٹن فراز الیاس سارے خاندان کیلئے جنت میں مقام بنا گئے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے ہزاروں جوانوں نے جان کا نذرانہ پیش کیا، یقین دلاتا ہوں کہ شہید کی عظیم قربانی رائیگاں نہیں جائے گی، شہید کا خون ضرور رنگ لائے گا۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وطن کی خاطر جان دینے والوں کی قربانیاں کو فراموش نہیں کر سکتے، ارض پاک سے دہشت گردوں کو ختم کر کے ہی دم لیں گے۔ بعدازاں وزیراعظم نے گاں کا نام شہید کیپٹن فراز الیاس کے نام سے منسوب کر دیا اور شہید کے گاوں کو ماڈل ویلج بنانے کا بھی اعلان کیا۔