وزیرِ اعظم شہباز شریف

دادو میں سیلابی ریلے سے گرڈ اسٹیشن کو خطرہ، وزیرِاعظم کا فوری نوٹس

دادو (نمائندہ عکس )وزیرِ اعظم شہباز شریف نے دادو و گردو نواح کے علاقوں میں سیلابی صورتحال کے باعث 500کے وی گرڈ اسٹیشن کو خطرے کی خبر پر فوری نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ گرڈ اسٹیشن کا بچا وبجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے نہایت ضروری ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِاعظم شہباز شریف نے دادو میں سیلابی ریلے سے گرڈ اسٹیشن کو بچانے کی فوری ہدایات دے دی ہیں۔ وزیرِ اعظم نے اعلی سول و فوجی قیادت کو تمام تر وسائل بروئے کار لا کر گرڈ اسٹیشن کو سیلاب سے بچانے کی ہدایت دی ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ہدایت دی ہے کہ گرڈ اسٹیشن کو فوری طور پر سیلاب سے متاثر ہونے سے بچایا جائے، گرڈ اسٹیشن کا بچاو وبجلی کی بلا تعطل فراہمی کیلئے نہایت ضروری ہے۔ وزیرِ اعظم کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے مورو شہر سے تین ایکسکویٹر روانہ کردیئے گئے ہیں جبکہ وزیرِ اعظم سیلاب سے متاثرہ انفرا اسٹرکچر کے بچا و بحالی کے کام کی 24 گھنٹے خود نگرانی کر رہے ہیں۔ دادو شہر اور گردونواح میں سیلاب کا خطرہ ہے، شہر کی پہلی ڈیفنس لائن چک پل ٹوٹنے کے بعد شہر کو بچانے کے لیے پلان بی پر عمل درآمد شروع کردیا گیا۔

پلان بی کے تحت بائی پاس روڈ پر برڑا نہر کے پشتوں پر رنگ بند کی تعمیر کا عمل جاری ہے، بھاری مشینوں کے ذریعے مٹی لاد کر رنگ بند کو 15 فٹ تک اونچا کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق منچھر جھیل کا ریلا دادو کا رنگ بند عبور کرگیا ہے، پانی میں گھرے لوگوں نے محفوظ مقامات پر نقل مکانی شروع کردی ہے۔ خطرے کی وجہ سے ڈسٹرکٹ جیل دادو کے قیدیوں کو حیدرآباد منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب بھان سعید آباد کے گرڈ اسٹیشن میں بھی پانی داخل ہونے سے بجلی بند کردی گئی۔ منچھر جھیل میں مختلف مقامات پر کٹ لگانے سے دریائے سندھ میں پانی کا اخراج ڈیڑھ لاکھ کیوسک تک پہنچ گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں