خواجہ آصف

خواجہ آصف کا پارلیمنٹ ہاوس میں غیرمتعلقہ افراد کے داخلہ پر سخت اعتراض

اسلام آباد(عکس آن لائن) قومی اسمبلی اجلاس میں وزیردفاع خواجہ آصف نے پارلیمنٹ ہاوس میں غیرمتعلقہ افراد کے داخلہ پر سخت اعتراض کرتے ہوئے اسے سیکیورٹی کے لئے خطرہ قراردیا ہے، جبکہ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے طارق بشیر چیمہ کی رواں اجلاس میں شرکت پر پابندی عائد کردی جس کی ایوان نے منظوری دیدی، اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کردیا گیا۔ جمعہ کے روز قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکر ایاز صادق کی صدارت میں ہوا۔ اسپیکر نے کہا کہ کل پیش آنے والے نامناسب واقعے پر تمام پارلیمانی جماعتوں کے رہنما کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں تمام رہنماں نے مثبت کردار ادا کیا۔اجلاس میں کئے گئے متفقہ فیصلہ کے مطابق طارق بشیر چیمہ کی رکنیت رواں سیشن کے اختتام تک معطل کر دی گئی ہے، اس پر ایوان نے طارق بشیر چیمہ کی رواں سیشن کے اختتام تک رکنیت معطلی کی تحریک متفقہ طور پر منظور کرلی۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ ایک جماعت سے تعلق رکھنے والے لوگ قومی اسمبلی ہال کے باہر جمع ہوتے ہیں یہ ہمارے لیے بہت بڑا المیہ ہے کہ جو اراکین اسمبلی میں تقریر کرتے ہیں وہ حلقہ سے لوگ بلا لیتے ہیں یہ پارلیمنٹ ہاوس ہے نہ کہ موچی دروازہ یا ڈی چوک ہے،انہوں نے کہا کہ اس طرح یہ موچی بازار بن جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سپیکر کو اس حوالے سے سخت اقدامات کرنے چاہیے۔پارلیمنٹ کا تقدس مجروح کیا جا رہا ہے۔ایوان کو اگر چلانا ہے تو اس کا مذاق نہ بنایا جائے۔ ۔انہوں نے سپیکر سے مطالبہ کیا کہ وہ اس پر سخت ایکشن لیں ۔ اسپیکر ایاز صادق نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی نکتہ نظر سے قومی اسمبلی کی راہداریوں میں ٹک ٹاکرز ، یو ٹیوبرز اور میڈیا کی طرف سے ویڈیو بنانے پر پابندی عائد ہو گی۔ایاز صادق نے کہا کہ پارلیمنٹ کی راداریوں میں سخت پابندی عائد کر دی گئی ہے۔اسپیکر ایاز صادق نے قومی اسمبلی اجلاس غیرمعینہ مدت تک ملتوی کردیا۔