حیدرآباد (عکس آن لائن)شہید بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو نے پیپلزپارٹی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیدرآباد میں بھٹو کا نعرہ اور نشان تیر کا رہے گا، بینظیر بھٹو کا نعرہ حیدرآباد کی پہچان ہے۔
انتخابی مہم کے سلسلے میں آصفہ بھٹو پیپلزپارٹی کی ریلی کے ہمراہ سندھ کے اندرون شہر کا دورہ کررہی ہیں، پیپلزپارٹی کی ریلی حیدرآباد کے لیے جام خان شورو کی رہائش گاہ پہنچیں جہاں ان کا پرجوش استقبال کیاگیا اور کارکنوں کی جانب سے پھول نچھاور کیے گئے۔
اس کے علاوہ آصفہ بھٹو زرداری کی بدین آمد پر شہر بھر میں استقبالیہ پینا فلیکس آویزاں کیے گئے، سیکیورٹی کے سخت انتظامات، داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس تعینات ی گئیں ہیں۔
انہوں نے ہزاروں کی تعداد میں موجود پیپلزپارٹی کے کارکنان سے خطاب کیا، جیالوں نے ہاتھوں میں پارٹی پرچم اٹھائے پارٹی گیتوں پر رقص بھی کیا۔ریلی کی قیادت آصفہ بھٹو کررہی ہیں، انہوں نے اپنے خطاب کے دوران جیالوں سے نعرے لگوائے، انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں بھٹو کا نعرہ رہے گا، بے نظیر بھٹو کا نعرہ حیدرآباد کی پہچان ہے، حیدرآباد کا نشان اب تیر ہوگا۔
آصفہ بھٹو نے مزید کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)کی مدد سے خواتین کو مالی مدد دے رہے ہیں، پیپلز پارٹی صرف عوام کے لئے سیاست کر رہی ہے، دوسری جماعتیں صرف اشرافیہ کو سہولتیں دیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ بلاول وزیر اعظم بنے تو عوام کی تنخواہیں دگنی کریں گے، ہم وعدہ کرتے ہیں 300 یونٹ تک بجلی مفت دیں گے۔