لاہور (عکس آن لائن) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کی کشمیر سوسائٹی کے زیرِ اہتمام سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔سیمینار میں خصوصی ڈرامہ بھی پیش کیا، ڈرامہ میں ہندوستانی حکومت کے تحت کشمیر میں زندگی کی تلخ حقیقت کو دکھایا گیا۔ سیمینار کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی نے کی،جبکہ اس موقع پر سید علی گیلانی کے پوتے ڈاکٹر سید مجاہد گیلانی اور نامور اداکارہ عذرا آفتاب نے بھی خطاب کیا۔
ڈاکٹر سید مجاہد گیلانی نے کشمیر میں بھارت کی طرف سے نافذ کی گئی غیر قانونی اقتصادی پالیسیوں اور ان کے مقامی آبادی پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں بتایا۔ عذرا آفتاب نے کہا کہ کشمیر میں زندگی کی تلخ حقیقت کو پیش کرنے کے لیے ایسے مزید ڈرامے بنائے جانے چاہیں۔وائس چانسلر پروفیسر زیدی نے کشمیر میں جی 20 سربراہی اجلاس کے انعقاد کی مذمت کی اور کشمیریوں کی حالت زار کے بارے میں شعور اجاگر کرنے میں کشمیر سوسائٹی کے کام کو سراہا۔