ٹوکیو (عکس آن لائن) جاپان کے وزیراعظم شنزو آبے سیلف ڈیفنس فورس کے طیارے اور بحری جہاز کو مشرقِ وسطیٰ روانہ کرنے کے حکومتی منصوبے پر سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی مفاہمت حاصل کرنے کے لیے آئندہ ماہ ان ممالک کا دورہ کر سکتے ہیں۔
جاپانی نشریاتی ادارے کے مطابق حکومت جاپان سے تعلق رکھنے والے تجارتی بحری جہازوں کی وہاں کے خطے میں محفوظ آمد ورفت یقینی بنانے کی خاطر مزید معلومات اکٹھی کرنے کے لیے مذکورہ جہازوں کو روانہ کرنے پر غور کر رہی ہے۔
متوقع دورے کے دوران وزیراعظم وضاحت کریں گے کہ اس زیر غور تعیناتی کا انہی مقاصد کے لیے امریکی زیر قیادت تشکیل کردہ اتحاد سے کوئی تعلق نہیں ہو گا۔وہ یہ وضاحت بھی کریں گے کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے کے لیے جاپان، امریکہ اور ایران کے ساتھ اپنے اچھے مراسم کی بنیاد پر سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔