ممبئی (عکس آن لائن) بھارتی کرکٹ ٹیم کے بیٹر روتوراج گائیکواڑ جنوبی افریقہ کے خلاف دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز سے باہر ہوگئے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی ٹیم کے بیٹر روتوراج گائیکواڑ 26 دسمبر سے شروع ہونے والی جنوبی افریقہ کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔
گائیکواڑ کو گکبرہا میں دوسرے ون ڈے کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے دائیں انگلی پر چوٹ لگی تھی جس کی سکیننگ رپورٹ کے لئے وہ تیسرا ون ڈے نہیں کھیل سکے تھے تاہم، مزید تشخیص پر بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم نے انہیں سیریز کے بقیہ میچوں سے باہر کر دیا۔ 26 سالہ کھلاڑی نے ون ڈے سیریز کے دو میچز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور انہیں پہلی بار ہندوستان کے ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل کیا گیا تھا لیکن ان کا ٹیسٹ ڈیبیو کا انتظار مزید طویل ہوگیا ہے۔
بھارتی سلیکشن کمیٹی نے ابھیمانیو ایشوارن کو گائیکواڑ کے متبادل کے طور پر نامزد کیا ہے، 28 سالہ ایشورن کو اس سے پہلے ہندوستان کے اسکواڈ میں اسٹینڈ بائی کھلاڑی کے طور پر نامزد کیا گیا لیکن وہ ابھی تک بین الاقوامی سطح پر ڈیبیو نہیں کر پائے ہیں۔ یاد رہے کہ بھارت اور جنوبی افریقہ کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا آغاز سینچورین میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ سے ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 3 سے 7 جنوری 2024 کے درمیان کیپ ٹاون میں کھیلا جائے گا۔