نئی دہلی(عکس آن لائن)بھارت میں کورونا وائرس کا انفیکشن لگاتار پھیلتا جا رہا ہے اور روزانہ ریکارڈ معاملے سامنے آ رہے ہیں۔ لوگوں کی اموات کی تعداد بھی روزانہ ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔
بین الاقوامی میڈیا کے مطابق 8 جون سے سبھی مذہبی مقامات اور عبادت گاہوں کو کھولے جانے کے پیش نظر مرکزی حکومت نے رہنما ہدایات جاری کر دی ہے۔ صرف کنٹنمنٹ زون کے مذہبی مقامات بند رہیں گے۔ مرکزی وزارت برائے صحت و خاندانی بہبود نے مذہبی مقامات و عبادت گاہوں کے تعلق سے جو رہنما ہدایات جاری کی ہیں اس کے مطابق جسمانی فاصلہ کا خیال رکھنا سب سے اہم اور ضروری ہے کیونکہ مذہبی مقامات پر لوگوں کی موجودگی بڑی تعداد میں ہوتی ہے۔ رہنما ہدایات کے مطابق عبادت گاہوں میں مذہبی کتابوں کو چھونے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔