بلاول بھٹو زرداری

بلاول بھٹو زرداری کا مولانا فضل الرحمان کے مارچ کے اعلان کا خیرمقدم

اسلام آباد(عکس آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مصطفی نواز کھوکھر نے اپنے ایک اہم بیان میں بتایا ہے کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان کے 27 اکتوبر کو مارچ کے اعلان کا خیرمقدم کیا ہے، انہوں نے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کی جمعرات کو اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ دونوں راہنماو ں کا اس نکتے پر اتفاق ہوا ہے کہ اپوزیشن کے پاس احتجاج کے سوا کوئی راستہ نہیں،

حکومت پارلیمان کو اہمیت نہیں دے رہی، اسمبلی اور کمیٹیاں غیرفعال ہیں، گرفتار اراکین اسمبلی کو ایوان میں پیش نہیں کیا جارہا اور ملک کو آرڈیننس کے تحت چلایا جارہا ہے، مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ ایسے میں دونوں راہنماو ں نے ملاقات کے دوران اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ جمہوری پارٹیوں کے پاس اب سڑکوں پر آنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں رہا، حکومت کی ملکی، عالمی، اقتصادی اور خارجہ امور سمیت ہر محاذ پر ناکامی کے بعد اپوزیشن ملکی مفاد میں ہر صورت اقدامات کرے گی،

چیئرمین بلاول بھٹو کے ترجمان نے مولانا فضل الرحمان کے دھرنے میں شرکت کے حوالے سے بھی وضاحت کی، ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اگلے ہفتے کور کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا ہے، کور کمیٹی مولانا فضل الرحمان کے مارچ میں شرکت کے حوالے سے اہم فیصلے کرے گی

اپنا تبصرہ بھیجیں