بورے والا (عکس آن لائن) مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ ملک کا کیا حال کر دیا، بجلی ہے نہ گیس، ہم اقتدار میں آکر مہنگائی ختم کریں گے۔
مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ بورے والا کی بہنوں، بیٹیوں اور بھائیوں کو میرا سلام، میں نے سلام کیا آپ نے بہت جوش سے جواب دیا ہے، نوازشریف آپ سے پوچھ رہا ہے کیا حال ہے؟ کتنے سالوں بعد آج ہم مل رہے ہیں بتاؤ؟
نوازشریف نے کہا کہ اس وقت وزیراعظم تھا اور آج یہاں ہوں، کتنا فرق آگیا ہے، وقت بدل گیا، آج وہ وقت یاد آتا ہے روٹی 4 روپے کی ملتی تھی، آج روٹی 20 روپے کی ملتی ہے، یہ ہے تبدیلی، افسوس کی بات ہے، ہم نے لوڈشیڈنگ ختم کردی تھی، میرے وقت میں بل 500 روپے آتا تھا، آج 20 ہزار روپے آتا ہے۔
مسلم لیگ ن کے قائد نے مزید کہا کہ روٹی اور سبزیاں آج مہنگی ہیں، نوازشریف کے دور میں سبزیاں 10 روپے کلو ملتی تھیں، وعدہ کرتا ہوں ن لیگ آکر مہنگائی کو مٹائے گی، ن لیگ بجلی سستی کرے گی، ہم روٹی اور چینی کی قیمت کو بھی سستا کریں گے، انشاء اللہ گیس گھر گھر ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ مجھے نوجوانوں سے ہمدردی ہے، آپ سے بہت پیار کرتا ہوں، افسوس کی بات ہے نوجوانوں کے پاس روزگار نہیں، نوازشریف کی حکومت قائم رہنے دی جاتی تو آج یہاں پر کوئی نوجوان بے روزگار نہ ہوتا، یہ ہے تبدیلی کہ بورے والا میں اتنے لوگ بیروزگار ہیں۔
نوازشریف نے کہا کہ آج بیروزگاری ختم ہوجانی چاہئے، یہ وہ ٹولہ ہے جس نے پاکستان کے جسم پر کلہاڑا مارا ہے، زیادتی کی ہے، یہ موٹروے اپنی ذات کیلئے نہیں آپ کے لئے بنائی ہے، ن لیگ کی حکومت آئی تو ایک موٹروے بورے والا سے بھی گزرے گی، کسان بھائیوں سے پوچھتا ہوں یوریا کھاد کتنے کی ملتی ہے؟ ہمارے دور میں یوریا 1200 روپے ملتی تھی، آج 5 ہزار کی ہے، یہ ہے تبدیلی؟
سابق وزیراعظم نے کہا کہ نوازشریف کے دور میں ٹریکٹر 9 لاکھ روپے کا تھا، آج ٹریکٹر 38لاکھ روپے کا ہے، یہ بہت افسوسناک بات ہے، انہوں نے پاکستان کو کہاں پہنچا دیا، آپکی مدد سے ہم پاکستان کو پھر واپس لائیں گے۔
نوازشریف نے کہا کہ آپ کی مدد سے ہم پاکستان کو پھر واپس لائیں گے، پاکستان کے حالات کو اتنا اچھا بنائیں گے کہ ہر گھر میں روزگار ہوگا، ایک طرف ہائی وے ایک طرف موٹروے ہوگی، عین ممکن ہے اس علاقے میں ایئرپورٹ بھی بنادیا جائے۔