کراچی (عکس آن لائن)حکومت کتنے سال تک چلے گی اور بانی پی ٹی آئی کا مستقبل کیا ہوگا؟ پیپلزپارٹی رہنمامنظورحسین وسان نے بڑی پیش گوئی کردی۔
سندھ اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت میںپیپلزپارٹی کے سینئر رہنما منظور وسان نے پیش گوئی کرتے ہوئے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کا دو سال تک کوئی مستقبل نظر نہیں آرہا ہے، اندھیرا ہی اندھیرا ہے، بانی پی ٹی آئی سے غلطی پر غلطی کروائی جائے گی۔ پی ٹی آئی نے اپنے پائوں پر خود کلہاڑا مارا ہے۔
انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت دو سال تک چلے گی،آگے چل کر کے کوئی کوئی مسائل پیدا ہوسکتے ہیں،کچھ لوگ مسائل کھڑے کرنے کی کوشش کریں گے، مگر ناکام جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے پاس اب وہ ہتھیار ہی نہیں ہے جس سے وہ کسی کو بلیک میل کر سکے،مگر ایم کیو ایم مرکز میں ہماری اتحادی ہے، اسے تھوڑا غصہ آجاتا ہے پھر ٹھنڈی ہوجاتی ہے،جی ڈی اے کو ہم پارٹی مانتے ہی نہیں ہیں، انہوں نے صرف دو سیٹیں جیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جی ڈی اے کا احتجاج بلاوجہ ہے، دھاندلی کرتے ہیں، پھر احتجاج بھی کرتے ہیں، حالات کچھ صحیح نہیں ہیں۔منظور وسان نے کہاکہ سندھ میں پہلی بار پیپلز پارٹی اکثریت سے جیتی ہے، پیپلز پارٹی کے بغیر کوئی پارٹی مرکز میں حکومت نہیں بنا سکتی۔پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ متحدہ ایسے ہی غصہ دکھاتی ہے، ویسے وہ ہمارے ساتھ ہیں۔
انہوں نے فنکشنل لیگ کے رہنما پیرصدر الدین شاہ کوچیلنج کرتے ہوئے کہاکہ پیرصدالدین شاہ اور ان کا بیٹا میرے ساتھ خیرپور کے کسی بھی حلقے سے الیکشن لڑے۔