اسلام آ باد (عکس آن لائن ) اسلام آباد ہائی کورٹ نے شعیب شیخ کی عدم حاضری پر وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ ہائی کورٹ میں ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس میں شعیب شیخ کی سزا کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے استفسار کیا کہ شعیب شیخ کہاں ہے؟۔ شعیب شیخ کے وکیل نے کہا کہ بروقت بتایا نہیں گیا تھا اس لیے نہیں پہنچ سکے۔ عدالت نے شعیب شیخ اور نائیجل بریوو کی عدم حاضری پر ان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے سماعت 30 اگست تک ملتوی کردی۔
سیشن جج اسلام آباد چودھری ممتاز حسین نے شعیب شیخ اور دیگر کو 5 جولائی کو سزا سنائی تھی۔ عدالت نے شعیب شیخ سمیت 23 ملزمان کو مجموعی طور پر 20، 20 سال قید اور 13، 13 لاکھ روپے جرمانے کی سزائیں سنائی تھیں۔ اسلام ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ میں شعیب شیخ کے خلاف فیصلے کو 2018 کو معطل کیا تھا۔