اسلام آباد(عکس آن لائن) اعلٰی تعلیمی کمیشن (ہائیر ایجوکیشن کمیشن ۔ایچ ای سی) نے سندھ میں نیشنل اکیڈیمی آف ہائیر ایجوکیشن کا ریجنل سنٹر قائم کرنے کی منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے۔ سنٹرکراچی میں قائم کیا جائے گا۔ ایچ ای سی ہائیر ایجوکیشن ڈیویلپمنٹ اِن پاکستان منصوبے کے تحت نیشنل اکیڈیمی آف ہائیر ایجوکیشن کو مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ نیشنل اکیڈیمی آف ہائیر ایجوکیشن 2019 میں قائم کیا جانے والا ادارہ ہے جس کا مقصد پاکستان کے اعلٰی تعلیم اداروں میں معیاری تدریس، تحقیق اور نظم کو فروغ دینا ہے۔ ایچ ای ڈی پی منصوبے کے دورانیے میں نیشنل اکیڈیمی آف ہائیر ایجوکیشن کے چار ریجنل سنٹرز قائم کرنے کا منصوبہ زیر تعمیل ہے۔
دو سنٹرز پہلے ہی خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں قائم کیے جاچکے ہیں ، جبکہ پنجاب اور سندھ میں قائم کئے جانے ہیں۔ سندھ میں سنٹر کے قیام کے سلسلے میں علاقائی اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا، جس کی صدارت پروگرام کوآرڈی نیٹر ایچ ای ڈی پی ڈاکٹر محمودالحسن بٹ نے کی اور 40سے زائد اسٹیک ہولڈرز بشمول چیئرمین ایچ ای سی سندھ، وائس چانسلرز اور ڈینز نے شرکت کی۔
شرکاءنے سنٹر کے قیام سے متعلق اپنی قیمتی آراءدیں۔ اجلاس میںترمیمی انڈرگریجوایٹ ایجوکیشن پالیسی کے نفاذ پر بھی تفصیلی گفتگوہوئی، اور شرکاءکواعلٰی تعلیم کے معیار کے حوالے سے ایچ ای سی کے آئندہ کے پروگراموں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ شرکاءنے فیکلٹی اور منتظمین کے استعداد کار میں اضافہ کے پروگراموں میں جامعات کو بھی شریک کار بنانے کا مشورہ دیا۔ اجلاس میں کنسلٹنٹ ورلڈ بینک ڈاکٹر سالواڈور مالو نے بھی وڈیو کانفرنس کے ذریعے شرکت کی۔ ڈاکٹر مالو ایچ ای ڈی پی منصوبے کے مختلف پہلوﺅں میں معاونت کرتے ہیں۔