ایل این جی

ایل این جی کی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا

اسلام آباد (عکس آن لائن)ایل این جی کی درآمدات میں جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2023 سے لے کر اپریل 2024 تک کی مدت میں ایل این جی کی درآمدات پر 3.253 ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 5 فیصد زیادہ ہے،گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ایل این جی کی درآمدات پر 3.111 ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا تھا،اپریل میں ایل این جی کی درآمدات کا حجم 344 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال اپریل کے مقابلے میں 33 فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ سال اپریل میں ایل این جی کی درآمدات پر 259 ملین ڈالر زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔

مارچ کے مقابلے میں اپریل میں ایل این جی کی درآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 17 فیصد کا اضافہ ہوا، مارچ میں ایل این جی کی درآمدات کا حجم 293 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا جو اپریل میں بڑھ کر 344 ملین ڈالر ہوگیا۔ واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 2 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔ مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں پٹرولیم مصنوعات کی درآمدات پر 13.76 ارب ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 13.97 ارب ڈالر تھا۔