کراچی (عکس آن لائن)پاکستانی اداکار ہمایوں سعید اس وقت اپنے ڈرامے ’’میرے پاس تم ہو‘ کی وجہ سے سوشل میڈیا پر خوب پذیرائی حاصل کررہے ہیں۔اس ڈرامے میں ہمایوں سعید کے علاوہ عدنان صدیقی اور عائزہ خان شامل ہیں، جبکہ اس ڈرامے کی منفرد کہانی کو بھی مداحوں کی جانب سے خوب پسند کیا جارہا ہے۔اتنی بہترین کاسٹ کے ساتھ اس بات میں تو کوئی شک نہیں تھا کہ یہ ڈراما بھی کامیاب ہی ثابت ہوگا اور ہو بھی کچھ ایسا ہی رہا ہے۔
یاد رہے کہ جب اس ڈرامے کی پہلی قسط سامنے آئی تھی تو اسے صرف 5 روز میں 30 لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا تھا اور اب دو روز قبل سامنے آنے والی اس کی نئی قسط بھی بیحد پسند کی جارہی ہے جبکہ ہمایوں سعید کے کام کو بھی خوب سراہا جارہا ہے۔اس قدر تعریفوں کے بعد اداکار ہمایوں سعید نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کردیا۔اداکار نے انسٹاگرام پر ڈالی ایک پوسٹ میں لکھا کہ میں سب کا بیحد شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے میرے پاس تم ہو کی آخری قسط کو اس حد تک پسند کیا۔ہمایوں نے ڈرامے کی کاسٹ عائزہ خان اور عدنان صدیقی کے ساتھ ساتھ ہدایت کار ندیم بیگ اور لکھاری خلیل الرحمٰن کا بھی شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اتنے پیار اور محبت کو دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے جیسے یہ ڈرامے کی آخری قسط تھی یا شاید میرے کیریئر کی آخری قسط، سب کا بیحد شکریہ کہ انہوں نے میرے کردار دانش کو اس قدر پسند کیا۔واضح رہے کہ اس ڈرامے میں ہمایوں سعید اور عائزہ خان پہلی مرتبہ ایک ساتھ کام کرتے نظر آرہے ہیں جبکہ ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی بھی 12 سال بعد اس ڈرامے کے لیے اکٹھے ہوئے۔