واشنگٹن( عکس آن لائن ) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ایرانی لیڈروں کو ایک بار پھراڑے ہاتھوں لیا ہے اورکہاہے کہ ایرانی لیڈر اپنے عوام کو بھوک وافلاس کا شکار کرکے بموں اور میزائلوں پر سرمایہ کاری کرتے ہیں۔ یہ ایرانی لیڈروں کی طرف سے عوام کے لیے ایک سزا ہے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق پومپیونے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ایران خطے میں امن نہیں آشتی اور یمن میں حوثیوں کی طرف سے سعودی عرب پر حملوں کی روک تھام چاہتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم امریکا کو درپیش کسی بھی خطرے کا بھرپور جواب دیں گے۔ عراق میں امریکا مخالف عناصر کے خلاف کارروائی اس کی زندہ مثال ہے۔
حال ہی میں ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا تھا کہ امریکا کی طرف سے ایران پر عاید کی گئی اقتصادی پابندیوں کے نتیجے میں کرونا کے خلاف جنگ لڑنے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ تاہم امریکا اس حوالے سے ایرانی الزامات کو رد کرچکا ہے۔ امریکی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ایران پر پابندیوں میں طبی سامان اور ادویات پرپابندی شامل نہیں۔ ایرانی لیڈر کرونا کے خلاف اقدامات میں اپنی ناکامی چھپانے کے لیے الزام امریکیوں پرتھوپ رہے ہیں۔