اسلام آباد (عکس آن لائن) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے سمسٹربہار2021ءکے میٹرک پروگرام میں داخل طلبہ کو کتب کی ترسیل کا عمل جاری ہے ، اب تک 50ہزار طلبہ کو کتابیں ارسال کی جاچکی ہیں۔ یونیورسٹی کے شعبہ ایڈمشن اینڈ میلنگ کی پوری کوشش ہے کہ عید کی چھٹیاں شروع ہونے سے قبل میٹرک پروگرام میں داخل تمام طلبہ کویونیورسٹی کی جانب سے کتب موصول ہوں،ہدف کے حصول کے لئے شعبے کے کارکن روزانہ کی بنیاد پر دو شفٹوں میں کام کررہے ہیں۔شعبہ داخلہ کے ڈائریکٹر ، سید ضیاءالحسنین کے مطابق ایف اے پروگرام میں داخل طلبہ کو کتب کی ترسیل کا عمل رواں ہفتے شروع کردیا جائے گا۔یونیورسٹی کی تعلیمی سرگرمیوں کے کیلنڈر میںبہار سمسٹر کے اِن پروگراموں کا تدریسی دورانیہ یکم مئی تا 31۔اگست مقرر کیا گیا ہے۔
وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالقیوم نے تدریسی دورانیہ شروع ہونے سے قبل طلبہ کو کتب ارسال کرنے کی ہدایت کی تھی۔ یونیورسٹی نے طلبہ کو اکیڈمک سپورٹ فراہم کرنے کے لئے اِن دونوں پروگرامز کی تدریسی کتب کی سافٹ کاپیز ویب سائٹ پر بھی فراہم کردی ہیں تاکہ طلبہ و طالبات اپنی ہوم اسائنمنٹس بروقت تیار کرسکیں۔میٹرک اور ایف اے پروگرامز میں داخل طلبہ کے لئے ٹیوٹرز کی تعیناتی کا کام شروع ہے ، ٹیوٹرز کی معلومات عید کے بعد یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر فراہم کردی جائیں گی۔ٹیوٹرز کے نام و پتے اور ٹیلی فون نمبرز طلبہ کو بذریعہ ایس ایم ایس بھی ارسال کئے جائیں گے۔