بیجنگ (عکس آن لائن) کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے رکن، ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ ای نے امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سےٹیلی فون پر بات چیت کی۔جمعہ کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق
وانگ ای نے کہا کہ گزشتہ ماہ صدر شی جن پھنگ اور صدر جو بائیڈن نے بالی میں کامیاب ملاقات کی جس سے دوطرفہ تعلقات کو سنگین مشکلات سے نکال کر ایک مستحکم ٹریک پر واپس آنے کا راستہ دکھایا گیا، جس سے بیرونی دنیا کو ایک مثبت اشارہ ملا۔ دونوں فریقوں کی ٹیموں نے دونوں سربراہان مملکت کے درمیان طے پانے والے اتفاق رائے کے مطابق رابطوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے جو کہ عمومی طور پر فائدہ مند ہے۔ تاہم، یہ بتانا ضروری ہے کہ امریکہ کو مکالمے کی تلاش کے دوران کنٹینمنٹ میں مشغول نہیں ہونا چاہیےاور تعاون کے اس مثبت راستے میں چین کی داخلی اور سلامتی کے معاملات میں مداخلت نہیں کرنا چاہیے۔ یہ رویہ معقول نہیں ، بلکہ یہ ایک غیر معقول دبائو ہے؛ یہ اختلافات کو کنٹرول کرنا نہیں ہے، بلکہ تنازعات کو بڑھانا ہے۔ درحقیقت، یہ اب بھی یکطرفہ دھونس کا پرانا معمول ہے۔ چین نے ماضی میں بھی یہ نہیں کرنے دیا اور نہ ہی مستقبل میں ایسا کام کرنے دے گا۔ چین اپنے اقتدار اعلی کی سلامتی اور ترقیاتی مفادات کا پختہ دفاع جاری رکھے گا۔ امریکہ کو چین کے جائز مفادات کا خیال رکھنا چاہیے اور چین کی ترقی کو روکنا اور اسے دبانا بند کرنا چاہیے۔ خاص طور پر، اسے چین کی سلامتی اور اقتدار اعلی کی سرخ لکیر کا پاس رکھنا چاہیے۔
وانگ ای نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں فریقوں کو دونوں سربراہان مملکت کے بالی اتفاق رائے کو عملی پالیسیوں اور ٹھوس اقدامات میں بدلنے پر توجہ دینا چاہیے۔ دونوں فریقوں کے عہدیداروں کے درمیان ملاقات بہت تعمیری تھی۔ انہوں نے کہا کہ چین امریکہ تعلقات کے رہنما اصولوں پر مشاورت کو تیز کیا جانا چاہیئے، ہر سطح پر اور مختلف شعبوں میں بات چیت کو منظم انداز میں فروغ دیا جانا چاہیئے، اور دونوں ممالک کے درمیان مخصوص مسائل کو مشترکہ ورکنگ گروپس کے ذریعے حل کیا جانا چاہیئے۔
وانگ ای نے کہا کہ نیا سال ایک نیا انداز لے کر آئے گا۔دونوں ممالک اور دنیا کے عوام کو امید ہے کہ چین اور امریکہ کے تعلقات بحال ہو جائیں گے۔ زیرو سم سوچ صرف دو بڑی طاقتوں کو ایک دوسرے کو ہڑپ کرنے اور آپس میں ٹکرانے کا باعث بنے گی۔ وانگ ای نے کہا کہ یہ صاف واضح ہے کہ کون صحیح ہے اور کون غلط۔ ، کس راستے کا انتخاب کرنا ہے ۔ دونوں فریقوں کو دونوں سربراہان مملکت کی طرف سے طے شدہ ہدایت پر عمل کرنا چاہیے، دو بڑے ممالک کو ایک دوسرے کے ساتھ میل جول کے لیے صحیح راستہ تلاش کرنا چاہیے، اور دونوں ملکوں کے عوام کی بھلائی اور عالمی امن و استحکام کے لیے بھرپور کوششیں کرنی چاہیے۔
بلنکن نے کہا کہ امریکی فریق چین کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کے رہنما اصولوں پر بات چیت کرنے، امریکہ چین تعلقات کو ذمہ داری کے ساتھ چلانے اور دونوں فریقوں کے مشترکہ مفادات کو پورا کرنے والے شعبوں میں تعاون کرنے کے لیے تیار ہے۔ امریکی فریق ون چائنا پالیسی پر گامزن ہے اور تائیوان کی “خود مختاری” کی حمایت نہیں کرتا ۔