بیجنگ(عکس آن لائن)چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بین نے ایک باقاعدہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ چین نے بارہا اپنے پختہ موقف کا اعادہ کیا ہے کہ چین امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پیلوسی کے تائیوان کے دورے کی سخت مخالفت کرتا ہے۔
امریکی کانگریس امریکی حکومت کا ایک لازمی حصہ ہے اور اسے تائیوان کے معاملے پر امریکی وعدوں کی سختی سے پابندی کرنی چاہیے۔جمعرات کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق انہوں نے کہا کہ اگر سپیکر پیلوسی تائیوان کا دورہ کرتی ہیں تو یہ ایک چین کے اصول اور چین اور امریکہ کے درمیان تین مشترکہ اعلامیوں کی سنگین خلاف ورزی ہو گی، چین کے اقتدار اعلی اور علاقائی سالمیت کو شدید نقصان پہنچے گا، چین-امریکہ تعلقات کی سیاسی بنیاد بری طرح متاثر ہوگی اور تائیوان کی علیحدگی پسند قوتوں کو ایک سنگین غلط سگنل جائے گا۔ اگر امریکہ اپنے راستے پر چلا تو چین اس کا جواب دینے اور اس کا مقابلہ کرنے کے لیے سخت اقدامات کرے گا۔ ” ہم جو کہتے ہیں وہ کرتے ہیں۔”