الیکشن کمیشن

الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن مسترد ،اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری

اسلام آباد (عکس آن لائن)اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات سے متعلق درخواستوں پر تحریری فیصلہ جاری کر دیا جس میں کہاگیا ہے کہ الیکشن کمیشن کا یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے پر فیصلہ مسترد کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جاتا ہے۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے 16صفحات کا تحریری فیصلہ جاری کیا۔تحریری فیصلے کے مطابق الیکشن کمیشن کا یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے پر فیصلہ مسترد کرنے کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا جاتا ہے،

عدالت کے سامنے درخواستوں میں الیکشن کمیشن کی جانب سے بنائی گئی ووٹر لسٹوں کو چیلنج کیا گیا ہے۔فیصلے میں کہا گیا کہ دوسری درخواستوں میں وفاقی حکومت کے یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے سے متعلق فیصلہ الیکشن کمیشن سے مسترد کرنے کو چیلنج کیا گیا، ووٹر لسٹوں کے معاملے پر درخواست گزار 28 دسمبر کو الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوں۔اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا کہ الیکشن کمیشن درخواست گزاروں کو سن کر ووٹر لسٹوں سے متعلق معاملہ قانون کے مطابق حل کرے،

الیکشن کمیشن کو یونین کونسلز کی تعداد بڑھانے سے متعلق فیصلہ مسترد کرنے سے پہلے وفاقی حکومت کا موقف جاننا چاہیے تھا۔فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے خلاف وفاقی حکومت سمیت تمام درخواست گزار 27 دسمبر کو الیکشن کمیشن میں پیش ہوں۔تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن تمام درخواست گزاروں کو سن کر معاملے کا قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ نے یونین کونسلز کی تعداد میں اضافے کا حکومتی فیصلہ مسترد کرنے کا الیکشن کمیشن کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں