اسلام آ باد (عکس آن لائن) الیکشن کمیشن میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کیخلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی۔ عمران خان نے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کر دی۔ الیکشن کمیش ارکان نے چیئرمین پی ٹی آئی کی عدم پیشی پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔
واضح کر دیا کہ آئندہ پیشی پر پیش نہ ہوئے تو وارنٹ جاری کریں گے۔ ممبر کے پی کا کہنا تھا کہ ہمیں یقین ہے کہ عمران خان جان بوجھ کر پیش نہیں ہو رہے، آئندہ سماعت پر عمران خان ذاتی حیثیت میں حاضری یقینی بنائیں۔ عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے وکیل خود بھی عدالتوں میں تاریخیں لے رہے ہیں، 5 جون کو سماعت رکھ لیں تو اعتراضات پر دلائل دیں گے۔
کمیشن کا کہنا تھا کہ وقت بھی بتا دیں کیونکہ اب عدالتیں بھی عمران خان کی مرضی سے لگتی ہیں۔ ممبر کے پی کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنی مرضی سے آج پیش ہو رہے ہیں، عمران خان کل عدالت میں پیش ہو کر آج یہاں آ جاتے، فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ آپ بھی پہلے جج رہے ہیں عدالتوں کو ہمیشہ ترجیح دی جاتی ہے، گزشتہ سماعت کا حکم نامہ ہمیں آج تک نہیں ملا، حکم نامہ پڑھے بغیر کیس کی تیاری کیسے کر سکتے ہیں؟
فیصل چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان دو ٹکڑوں میں بیک وقت عدالت اور کمیشن میں پیش نہیں ہوسکتے، عمران خان کیخلاف 150 مقدمات ہیں کہاں کہاں پیش ہوسکتے ہیں۔ ہمارے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن ممبران اور ان کے اہلخانہ کو دھمکیاں دینے پر فواد چوہدری کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا، آئندہ سماعت پر جواب کا جائزہ لے کر شوکاز جاری کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ ہوگا، الیکشن کمیشن نے سماعت 6 جون تک ملتوی کر دی۔