نوید قمر

الیکشن ایکٹ میں ترامیم، نوید قمر پارلیمانی کمیٹی کے کنوینر منتخب

اسلام آباد(عکس آن لائن)الیکشن ایکٹ کی شق 57ون اور 58میں ترامیم کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں نوید قمر کو کنوینر منتخب کر لیا گیا،اجلاس میں سینیٹر کامران مرتضی، تاج حیدر، نوید قمر، صابر قائم خانی، محسن رانجھا نے شرکت کی،کمیٹی اجلاس میں اپوزیشن رکن پی ٹی آئی کے سینیٹر علی ظفر شریک نہیں ہوئے،ممبران کمیٹی کا کہنا تھا کہ علی ظفر شاید اجلاس میں نہیں آنا چاہ رہے،جس کے بعد کمیٹی نے نوید قمر کو کنوینر منتخب کر لیا،

کمیٹی کو بتایا گیا کہ چیف الیکشن کمشنر نے چیئرمین سینیٹ اور اسپیکر قومی اسمبلی کو الیکشن ایکٹ میں ترامیم کے لیے خطوط لکھے تھے،بریفنگ میں بتایا گیا کہ 57ون میں ترمیم کی تجویز ہے کہ الیکشن کمیشن عام انتخابات کی تاریخ یا تاریخوں کا اعلان نوٹیفکیشن کے ذریعے کرے گا، الیکشن کمیشن حلقوں سے نمائندے منتخب کرنے کا کہے گا،کمیٹی کو بتایا گیا کہ سیکشن 58میں ترمیم کی تجویز ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے نوٹیفکیشن کے بعد الیکشن پروگرام میں تبدیلی کر سکے گا،

وزارتِ قانون کے حکام نے بتایا کہ الیکشن ایکٹ سیکشن 57اور 58میں چیف الیکشن کمشنر کی مجوزہ ترامیم زیرِ غور ہیں، ہم نے الیکشن کمیشن کی مجوزہ ترامیم کو قانونی طور پر تصدیق کرنے کے وقت آئین کو پڑھا، آئین کو پڑھنے کے بعد ترامیم کو حتمی کیا،سینیٹر تاج حیدر نے کہا کہ صدر کو بالکل نظر انداز کرنا مناسب نہیں،نوید قمر نے کہا کہ ترامیم کو اچھی طرح پڑھ لیں تاکہ آئین سے متصادم کچھ نہ ہو، تمام ممبران مجوزہ ترامیم کا اچھی طرح جائزہ لے لیں،کمیٹی کے کنوینر نوید قمر نے یہ بھی کہا کہ کمیٹی کا اجلاس اب 19اپریل کو ہو گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں