بیجنگ (عکس آن لائن)چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا ہے کہ افغان عبوری حکومت کو سفارتی سطح پر خود کو تسلیم کروانے کے لیے ٹھوس کوششیں کرنی چاہئیں۔چینی میڈ یا کے مطا بق
ان خیالات کا اظہار انہوں نے افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے وزرائے خارجہ کے تیسرے اجلاس اور افغانستان کے ہمسایہ ممالک اور افغانستان کی عبوری حکومت کے درمیان وزرائے خارجہ کے پہلے مذاکرات کی صدارت کے بعد پریس کانفرنس کے دوران کیا۔وانگ ای نے کہا کہ یہ معاملہ نہ صرف افغان عبوری حکومت بلکہ عالمی برادری کے لیے بھی باعث تشویش ہے، انہوں نے کہا کہ افغانستان کو ناکام ریاست نہیں بننا چاہیے اور نہ ہی اسے عالمی برادری سے باہر کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے قیام کے بعد سے، افغان عبوری حکومت نے سیاسی صورتحال کو مستحکم کرنے کے لیے کافی کوششیں کی ہیں اور کچھ نتائج حاصل کیے ہیں۔وانگ ای نے مزید کہا کہ بین الاقوامی برادری، بشمول پڑوسی ممالک، امید کرتے ہیں کہ افغان عبوری حکومت قومی مفاہمت کو فروغ دینے اور خواتین اور بچوں کے حقوق کے تحفظ میں مزید پیش رفت کرے گی۔انہوں نے زور دیا کہ عبوری حکومت کو سخت رویہ اختیار کرنا چاہیے اور دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے مزید ٹھوس نتائج سامنے لانے چاہئیں ۔