لندن(عکس آن لائن)برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ کیمرون نے کہا ہے کہ ان کا ملک ورلڈ سینٹرل کچن میں امدادی کارکنوں کے قتل کی اسرائیلی تحقیقات کے ابتدائی نتائج کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔
پہلے قدم کے طور پر دو افسران کی ملازمت سے معطلی کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق کیمرون نے ایکسپر ایک بیان میں مزید کہا کہ نتائج کو مکمل طور پر شائع کیا جانا چاہیے اور مکمل طور پر آزاد جائزے کے ساتھ عمل کیا جانا چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ شفافیت اور احتساب کو یقینی بنایا جا سکے۔کیمرون نے زور دیا کہ اسرائیلی فوج کو ان ابتدائی نتائج سے سبق سیکھنا چاہیے۔
یہ بات واضح ہے کہ امدادی کارکنوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے اسرائیل کے تصادم سے بچنے کے طریقہ کار کو فوری طور پر تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان بہادر ہیروز کی موت ایک المیہ ہے اور ایسا دوبارہ کبھی نہیں ہونا چاہیے قبل ازیں برطانوی اخبار ڈیلی میل کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈیوڈ کیمرون نے خبردار کیا تھا کہ ورلڈ سینٹرل کچن فوڈ قافلے پر اسرائیلی فوج کے حملے پر برطانیہ غزہ میں 7 امدادی کارکنوں میں سے 3 برطانویوں کی ہلاکت کے لیے اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرائے گا۔
ڈیوڈ کیمرون نے ان مظالم کے تناظر میں اسرائیل کو ہتھیاروں کی فروخت معطل کرنے کے بڑھتے ہوئے مطالبات پر بات کرنے سے انکار کردیا تھا۔