لاہور (عکس آن لائن) تجربہ کار بلے باز اسد شفیق اور نوجوان کرکٹر عمیر بن یوسف ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کا حصہ بن گئے ہیں۔ ایونٹ کے آئندہ میچوں کے لیے ملتان سلطانز نے اسد شفیق کو اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ ملتان سلطانز کے ابتدائی اسکواڈ میں شامل 2 غیرملکی کرکٹرز جیمز ونس اور رائیلی روسو لیگ سے دستبردار ہوچکے ہیں۔ اسد شفیق ایچ بی ایل پی ایس ایل فائیو کی سلور کٹیگری میں شامل ہیں۔دوسری جانب کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے نوجوان کرکٹر عمیر بن یوسف کو اسکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔
عمیر بن یوسف کا انتخاب ایمرجنگ کٹیگری میں کیا گیا ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اسکواڈ میں شامل جیسن رائے اور ٹائمل ملز ایونٹ سے دستبردار ہوئے۔ کیمو پاؤل بھی نیشنل ڈیوٹی کے باعث وطن واپس لوٹ چکے ہیں۔
متبادل کھلاڑیوں کی حیثیت سے اسد شفیق اور عمیر بن یوسف کے ناموں کی منظوری ایونٹ کی ٹیکنیکل کمیٹی نے دی۔ کمیٹی میں پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر وسیم خان، بازید خان،مرینہ اقبال، سمیر کھوسہ اور ڈاکٹر سہیل سلیم شامل ہیں۔