لاہور(عکس آن لائن ) لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کرپشن اور آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں نیب کی کمبائن انویسٹی گیشن ٹیم نے منگل کو شہباز شریف کے گھر جانے کا فیصلہ کرلیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق شہباز شریف کو نیب ٹیم کی جانب سے آگاہ کر دیا گیا۔نیب نے شہباز شریف سے تحقیقات کے لئے سوالنامہ تیار کرلیا۔ شہبازشریف بتائیں محکمہ خزانہ اور قانون کی مخالفت کے باوجود کمپنی بنانے کی منظوری کیوں دی، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا پی ایم یو فعال ہونے کے باوجود کمپنی کیوں بنائی، صفائی کمپنی بنانے سے قبل اس کے منافع کی تحقیق کروائی گئی تھی، کمپنی کے استحکام اور اس کے کم خرچ ہونے کی تحقیق کرائی گئی تھی یا نہیں۔
نیب سوالنامنے کے مطابق کیا یہ بات درست ہے کہ کمپنی آئی سٹیک کو قانونی طریقہ استعمال کئے بغیر ٹھیکہ دیا گیا، غیر ملکی کمپنیوں کو 320 ملین ڈالر کا ٹھیکہ آٹ سورس کرنے کا اختیار کس نے دیا تھا، صفائی کمپنی کو بغیر کسی جامع منصوبے کے بغیر بڑی تعداد میں قرضہ اور امداد دینے کا فیصلہ کیوں دیا گیا، ایل ڈبلیو ایم سی کی جانب سے قرض واپس کرنے اور سرمایہ پیدا کرنے کے منصوبے کو کیوں مسترد کیا گیا، جو غیر قانونی اقدامات اٹھائے گئے اس سے پنجاب حکومت کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا، بیرون ملک سے شہباز شریف اکاونٹ میں مشتبہ ٹرانزیکشن کے شواہد بھی ملے ہیں اس رقوم کے ذرائع کیا ہیں؟۔