لاہور(عکس آن لائن)شاہد آفریدی کے بعد ملتان سلطان کے باؤلنگ کوچ اظہر محمود نے بھی پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست ملتان سلطان کو فاتح قرار دینے کا مطالبہ کر دیا ۔ اظہر محمود کا کہنا ہے کہ پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن کی وجہ سے ہمیں چیمپئن قرار دینا چاہیے، شاہد آفریدی کے آئیڈیے سے متفق ہوں ،
ہماری ٹیم کے 14 پوائنٹس اور وہ باقی ٹیموں سے کافی آگے ہیں۔تفصیلات کے مطابق سابق کپتان راشد لطیف کی رائے میں کسی کو بھی چیمپئن قرار نہ دیا جائے بلکہ انعامی رقم ’’متاثرین کورونا وائرس‘‘ میں جمع کرا دیں۔ اب ملتان سلطانز کے آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی طرح بولنگ کوچ اظہر محمود نے اپنی ٹیم کو ٹرافی دینے کا مطالبہ کردیا، ان کا کہنا ہے کہ پوائنٹس ٹیبل پر ٹاپ پوزیشن کی وجہ سے ہمیں چیمپئن قرار دینا چاہیے۔پی سی بی نے مناسب وقت پر لیگ کو ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا، ملتان میں شائقین کا جوش و خروش شاندار رہا۔
اپنے ایک انٹرویو میں اظہر محمود نے کہا کہ پوائنٹس ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن کی وجہ سے ہم اپنی ٹیم کو چیمپئن قرار دلانے کے خواہاں ہیں، یہ کافی بدقسمتی کی بات ہے کہ پی ایس ایل کو ملتوی کرنا پڑا، میں شاہد آفریدی کے اس آئیڈیے سے متفق ہوں کہ نمبر ون ملتان سلطانز کو فاتح قرار دینا چاہیے، ہماری ٹیم کے 14 پوائنٹس اور وہ باقی ٹیموں سے کافی آگے ہیں، جس طرح سیمی فائنلز اور فائنل ملتوی ہوئے ان میں ٹاپ ٹیم ہی فاتح قرار پاتی ہے۔
اظہر محمود نے کہا کہ پی سی بی پر ایونٹ کو تاخیر سے ملتوی کرنے کا الزام درست نہیں، آغاز میں پاکستان میں کورونا وائرس کے چند ہی کیس سامنے آئے،اس لیے پی سی بی نے ایونٹ ملتوی کرنے کا فیصلہ بالکل درست وقت میں لیا، پہلے کراؤڈ کو روکا گیا اور پھر پنجاب اور سندھ حکومت کے مشورے پر ایونٹ ملتوی کیا گیا۔