لاہور (عکس آن لائن) چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنا رہی ہے، آئین میں اقلیتوں سمیت ہر شہری کو مساوی حقوق حاصل ہیں،ضلعی عدالتوں میں تین سو سے زائد خواتین ججز خدمات انجام دے رہی ہیں، سپریم کورٹ میں بھی خواتین ججز کی تعیناتی جلد ہوگی، خواتین ججز ذہنی تناﺅ سے آزاد رہتے ہوئے اپنا کام کریں،معاشرے میں خواتین کا کردار بڑھتا جارہا ہے ہمیں بھی زندگی کے ہر شعبہ میں خواتین کو بااختیار بنانا ہوگا۔اتوار کو تیسری خواتین ججز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا کہ خواتین ججز کانفرنس کا انعقاد ہم سب کے لئے باعث فخر ہے۔
کانفرنس کے انعقاد سے خواتین کی قانون کے شعبہ میں حوصلہ افزائی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں اقلیتوں سمیت ہر شہری کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔ اعلیٰ عدلیہ خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنا رہی ہے۔ عدلیہ خواتین کے تحفظ اور انہیں انصاف کی فراہمی کے لئے ترجیحی اقدامات کررہی ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ مقدمات میں خواتین کی ضمانت سے متعلق کچھ نرمی کی ضرورت ہے۔ پاکستان میں ضلعی عدالتوں میں تین سو سے زائد خواتین ججز خدمات انجام دے رہی ہیں۔ سپریم کورٹ میں بھی خواتین ججز کی تعیناتی جلد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں خواتین کا کردار بڑھتا جارہا ہے ہمیں بھی زندگی کے ہر شعبہ میں خواتین کو بااختیار بنانا ہوگا۔ ہمارے ہاں خواتین ججز مردوں کے غالب معاشرے میں کام کررہی ہیں۔
خواتین ججز نے پیچیدہ مقدمات میں قانون کے مطابق فیصلے دے کر صلاحیتوں کو منوایا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ خواتین ججز ذہنی تناﺅ سے آزاد رہتے ہوئے اپنا کام کریں۔ وقت کے ساتھ خواتین اور مرد ججز کا فرق ختم ہوجائے گا۔ جج بننے کے بعد خواتین ججز کا رویہ بھی مرد جج کی طرح ہوجاتا ہے۔ جرائم کے مقدمات میں خواتین ججز سخت الفاظ سے گریز کریں۔