بابر اعظم

آئرلینڈ کے خلاف جیت کا کریڈٹ بلے بازوں کو جاتا ہے، بابر اعظم

ڈبلن(عکس آن لائن)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے آئرلینڈ کے خلاف 3 میچز کی ٹی 20 سیریز کے دوسرے میچ میں جیت کا کریڈٹ بلے بازوں کو دے دیا۔

میچ کے بعد کی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بابر اعظم نے انکشاف کیا کہ انہوں نے 18ویں اوور سے پہلے ہدف کا تعاقب کرنے کا پلان بنایا تھا اور وہ اپنے پلان کو مثر طریقے سے انجام دینے میں کامیاب رہے۔انہوں نے کہا کہ میں خوش ہوں، جیت کا کریڈٹ تمام بلے بازوں کو جاتا ہے، بالنگ کرنے کے بعد ہم نے 18ویں اوور سے پہلے ہدف مکمل کرنے کا فیصلہ کیا تھا، ہم نے ابتدائی طور پر کچھ وکٹیں گنوائیں لیکن ہار نہیں مانی۔

انہوں نے کہا کہ پہلے بالنگ کرنے کا فیصلہ اچھا تھا کیونکہ بادل چھائے ہوئے تھے اور تھوڑی بارش ہورہی تھی، دوسرے ہاف میں بالنگ اچھی تھی لیکن جس طرح سے آئرلینڈ نے آخری تین اوورز کھیلے اس کا سارا کریڈٹ انہیں جاتا ہے۔

بابراعظم نے آخر میں کہا کہ فخر زمان بہت تجربہ کار بلے باز ہیں، انہوں نے حالات کے مطابق کھیلا، ہم اگلے میچ میں 100 فیصد دینے کی کوشش کریں گے، پاکستانی شائقین کو دیکھ کر بہت پرجوش ہوں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے فخر زمان اور محمد رضوان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت آئرلینڈ کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی تھی۔