پی سی بی

پی سی بی دورہ آسٹریلیاکیلئے قومی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کا اعلان آج کریگا

لاہور(عکس آن لائن)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)دورہ آسٹریلیاکیلئے قومی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کا اعلان آج پیر کو کریگا۔ سرفراز احمد کو قومی ٹیم کی قیادت سے ہٹانے کے بعد انہیں ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیم سے بھی ڈراپ کئے جانے کا امکان ہے،سرفراز کی جگہ قومی ٹیم میں محمد رضوان کو شامل کیا جائیگا، ٹیسٹ سیریز کیلئے اسکواڈ میں شمولیت کیلئے عابد علی، امام الحق اور سمیع اسلم کے نام زیر غور ہیں تاہم سلمان بٹ کو ایک بار پھر نظر انداز کیے جانے کا امکان ہے۔ تفصیلات کے مطابق پی سی بی سلیکشن کمیٹی پیر کودورہ آسٹریلیاکیلئے قومی ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی ٹیموں کا اعلان کریگی۔

دورہ آسٹریلیا کیلئے سرفراز احمد کو ڈراپ کیے جانے کے بعد سوال کیا جا رہا ہے کہ اب قومی کرکٹ ٹیم کیلئے وکٹ کیپنگ کے فرائض کون انجام دے گا۔اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے محمد رضوان ٹیم میں شامل کیے جا سکتے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے اسکواڈ میں شمولیت کیلیے عابد علی، امام الحق اور سمیع اسلم کے نام زیر غور ہیں تاہم سلمان بٹ کو ایک بار پھر نظر انداز کیے جانے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پی سی بی میں ایک حلقہ ان کی واپسی کے حق میں نہیں، عثمان صلاح الدین اور سعد کو بھی موقع دیے جانے کا امکان ہے، عدنان اکمل کا نام بھی ٹیسٹ اسکواڈ کیلیے زیر غور ہے، تاہم دورے کیلیے بولرز کا انتخاب ٹیم مینجمنٹ کیلیے درد سر بنا ہوا ہے۔

حسن علی، شاہین شاہ آفریدی اور محمد عباس کی فٹنس پر تاحال کام جاری ہے۔اطلاعات کے مطابق ہیڈ کوچ و چیف سلیکٹر مصباح الحق چاہتے ہیں کہ محمد عامرٹیسٹ کرکٹ میں واپس آ جائیں،ان کی پیسر سے بات بھی ہوئی ہے۔دوسری جانب بولنگ کوچ وقار یونس نے ایک انٹرویو میں واضح کیاکہ محمد عامر اور وہاب ریاض کی طویل فارمیٹ میں واپسی کا امکان نہیں،وہ ممکنہ فاسٹ بولنگ آپشنز راحت علی، محمد موسی، بلاول بھٹی، محمد عرفان، ثمین گل اور عمران خان سینئر کی رپورٹس کا جائزہ لیں گے۔

محمد حسنین کی پیس پاور کو استعمال کرنے پر بھی سنجیدگی سے غور ہونے لگا۔آسٹریلیا میں کھیلنے کا تجربہ دیکھتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلیے عثمان قادر کا نام بھی لیا جا رہا ہے،ظفر گوہر، محمد عرفان اور زاہد محمود بھی ابتدائی فہرست میں موجود ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں