فیصل قریشی

ہارر فلم میں فیصل قریشی اور سونیا حسین ایک ساتھ بڑے پردے پر نظر آئینگے

کراچی (عکس آن لائن)سال 2024 میں اداکار فیصل قریشی اپنی دو فلموں کیساتھ انٹری دیں گے جس میں ابو علیحہ کی پنجابی کامیڈی فلم ‘مینگو جٹ’ اور ہدایتکار رافع راشدی کی کینیڈین پاکستانی ہارر فلم ‘دیمک’ شامل ہیں۔وہیں رواں سال فلم دادل میں لیاری کی باکسر کا کردار نبھانے والی اداکارہ سونیا حسین بھی اگلے برس ‘دیمک’ میں فیصل قریشی کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی۔اپنے ایک انٹرویو میں ہدایتکار رافع راشدی نے بتایا کہ ‘فلم حقیقی کہانی پر مبنی ہے جسے عائشہ مظفر نے لکھا ہے، یہ کہانی ایک فیملی کے ساتھ رونما ہونے والے عجیب و غریب واقعات کی عکاسی کرتی ہے جو پراسرار مخلوق کے زیر اثر ہے البتہ اس فیملی کا واسطہ اس مخلوق سے کیسے پڑتا ہے اس کے لیے آپ کو فلم ریلیز ہونے کا انتظار کرنا پڑے گا۔

فلم کی کاسٹ پر بات کرتے ہوئے ہدایتکار نے بتایا کہ ‘جس وقت ڈرامہ سیریل بادشاہ بیگم میں ہدایتکاری کے فرائض نبھائے تھے اس وقت سے فیصل قریشی کے ساتھ کام کرنے کی خواہش تھی جو کہ اب پوری ہوگئی البتہ جب انہیں اسکرپٹ سنایا تو انہوں نے اپنے کردار کے بارے میں تفصیلات پوچھیں، میں نے انہیں واضح کیا کہ یہ ایسے آدمی کا کردار ہے جو کسی بھی قیمت پر اپنے گھروالوں کو نقصان پہنچتے نہیں دیکھ سکتا جس طرح ہم ہالی وڈ کی ہارر فلموں میں مرکزی کردار کو اپنی فیملی کو بچاتے دیکھتے ہیں، اس کے بعد فیصل کو (وی ایف ایکس) گرافکس دکھائیں جو ہم نے کینیڈین ٹیم سے تیار کروائی تھیں،

یہ خاکے پراسرار مخلوق کے تھے جن کو دیکھنے کے بعد فیصل نے فوراً فلم کرنے کی حامی بھرلی۔انہوں نے کہا کہ ‘اسی طرح سونیا نے بھی اسکرپٹ سنا جو انہیں پسند آیا اور انہوں نے بھی فلم میں کام کرنے کے لیے ہاں کردی، سونیا ‘دیمک’ میں فیصل کی اہلیہ کا کردار نبھا رہی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں