قمر زمان کائرہ

مولانا فضل الرحمان کاغلط اندازہ نہ لگایا جائے ، ان کے بہت زیادہ مذہبی پیروکار ہیں‘ قمر زمان کائرہ

لاہور(عکس آن لائن) پیپلزپارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمان کاغلط اندازہ نہ لگایا جائے ، ان کے بہت زیادہ مذہبی پیروکار ہیں، مولانا فضل الرحمان کو کوئی استعمال نہیں کرسکتا، وہ ہر ایک کو استعمال کرلیتے ہیں۔ جمعرات کے روز میڈیا سے گفتگو میں قمر زمان کائرہ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے جوتجاویزڈسکس ہوئی ہیں ان پر بلاول نے جماعت سے مشاورت کرنی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری جماعت کا فیصلہ ہے کہ ہم اگلے ہفتے میں باقی جماعتوں سے مشاور ت کرکے یہ فیصلہ کریں گے کہ ہم آزادی مارچ میں کہاں تک شرکت کریں گے ؟انہوں نے کہا کہ ہم مولانا فضل الرحمان کواخلاقی طورپر سپورٹ کرتے ہیں اور ویسے بھی سپورٹ کرتے ہیں ۔قمر زمان کائر ہ کا کہنا تھاکہ مذہبی ایشوز کوسیاسی رنگ میں استعمال کرنے کی پیپلز پارٹی ہمیشہ ہی سے مخالفت کرتی رہی ہے ۔ ہم آئین پاکستان میں شامل اسلامی دفعات کی حفاظت کی مکمل حمایت کرتے ہیں لیکن پیپلزپارٹی مذہبی کارڈ کے استعمال کے ہمیشہ ہی سے خلاف رہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کاغلط اندازہ نہ لگایا جائے ان کے بہت زیادہ مذہبی پیروکار ہیں۔ مولانا کو استعمال نہیں کیا جاتا ، وہ ہر ایک کو استعمال کرلیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سپہ سالا ر کو کاروباری افراد سے یہ کیوں کہنا پڑ رہاہے کہ حکومت مخالف قوتوں کا ساتھ نہیں دیں؟ وہ ہم سب کے سپہ سالار ہیں اور ان کوچاہئے کہ کسی ایک پارٹی کا ساتھ نہ دیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں