فالسے

فالسے کے باغبانوں کو کھادوں کا متناسب و متوازن فوری استعمال کرنے کی ہدایت

فیصل آباد(عکس آن لائن)جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین زراعت نے فالسے کے باغبانوں و کاشتکاروں کو کھادوں کا متناسب و متوازن فوری استعمال کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ فالسے کی بہترین پیداوار اور اچھی فصل کاحصول ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہاکہ باغبان فالسے کے پودوں کی شاخ تراشی بھی فوری شروع کردیں اور شاخ تراشی کے بعد گوبر کی کم از کم10کلوگرام گلی سڑی کھاد بھی فی پودا ضرور ڈالیں۔

انہوں نے کہاکہ پودوں کی نئی پھوٹ شروع ہوتے وقت پون کلو یوریا کھاد، ایک پا ڈی اے پی، آدھاکلوگرام ایس او پی کھاد فی پودا ڈالنی اشد ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ باغبان پودوں پر نئی پھوٹ شروع ہونے پر آبپاشی کاعمل بھی شروع کر دیں تاہم جب پودوں پر پھول آوری شروع ہو اس وقت پودے کو کم پانی لگایاجائے تا کہ فالسے کی فصل کی شاندار بڑھوتری ممکن ہو سکے۔انہوں نے بتایاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے ماہرین زراعت کی خدمات سے بھی استفادہ کیاجا سکتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں