سپیکر قومی اسمبلی

عالمی برادری کھلے دل کے ساتھ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرے ، سپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد (عکس آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ عالمی برادری کھلے دل کے ساتھ فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرے۔ بدھ کو فلسطین کیساتھ یکجہتی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام اور پارلیمان اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کا اظہار کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے فلسطینی بچوں،خواتین اور معصوم شہریوں کا قتل عام شرمناک اور قابل مذمت ہے ۔انہوںنے کہاکہ دنیا میں پائیدار امن کے قیام کیلئے مسئلہ فلسطین و کشمیر سمیت تمام تنازعات کا منصفانہ حل ضروری ہے ۔ انہوںنے کہاکہ فلسطین میں جاری نسل کشی اور جبری نقل مکانی کو روکنے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔ انہوںنے کہاکہ فلسطین کی موجودہ صورت حال پر عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ، مسئلہ فلسطین کا حل 1967سے پہلے کی سرحدوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اور القدس الشریف کو اس کا دارالحکومت قرار دینے میں مضمر ہے۔

اقوام متحدہ فلسطین میں انسانی حقوق کی پامالیوں کے خاتمے کیلئے کردار ادا کرے ۔ سپیکر نے کہا کہ اسرائیلی مظالم فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کی تحریک کو دبا نہیں سکتے ۔سپیکر نے فلسطینی عوام کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں