مشعال ملک

عالمی برادری تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے،مشعال ملک

اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق انکا حق خود ارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کرے۔

مشعال حسین ملک نے ایک آن لائن مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے برطانوی ارکان پارلیمنٹ کو بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں کی ابتر صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے قابض بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ نریندر مودی حکومت نے علاقے کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری بچے اور خواتین بھی بھارتی فورسز کے مظالم کا بڑے پیمانے پر شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کواقلیت میں بدلنے کیلئے کوشاں ہے۔ مشعال حسین ملک نے کہا کہ بھارت میں مسلمانوں سمیت تمام دیگر اقلتیں ہندو انتہا پسندوں کے ہاتھوں ظلم و ستم کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا کو مودی حکومت کی فسطائیت کا نوٹس لیکربھارتی اقلیتوں اور کشمیری مسلمانوں کے تحفظ کے لیے کردار ادار کرنا چاہیے۔

انہوں نے برطانوی اراکین پارلیمنٹ پر بھی زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف اپنی آواز بلند کریں۔مشعال حسین ملک نے کہا کہ ان کے شوہر محمد یاسین ملک گزشتہ کئی برس سے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں قید ہیں اور بھارتی حکومت عدلیہ کے ذریعے انہیں سزائے موت دینے پر تلی ہوئی ہے لہذا برطانوی اراکین پارلیمنٹ کو چاہیے کہ وہ اس ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرے۔

آن لائن مباحثے کا انعقادآل پارٹیز پارلیمنٹرینز گروپ فار کشمیر کی سربراہ ڈیبی ابراہام نے کیا تھا۔ مباحثے میں کئی برطانوی اراکین پارلیمنٹ کے علاوہ سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کے ارکان نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں