طیارہ حادثہ

طیارہ حادثہ،جاں بحق افراد کی تعداد 97 ہوگئی، بیشتر لاشیں ناقابل شناخت

کراچی (عکس آن لائن) قومی ائیرلائن پی آئی اے کی پرواز کو پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 97 ہوگئی ، صرف 2 مسافر معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سے کراچی آنے والی قومی ائیرلائن کی پروازپی کے 8303 ائیرپورٹ کے قریب گزشتہ روز آبادی پر گر کر تباہ ہوگئی جس میں 91 مسافر اور عملے کے7 ارکان سوار تھے۔محکمہ صحت کے مطابق 66 لاشوں کو جناح ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں 20 خواتین، 43 مرد اور 3 بچے شامل ہیں۔محکمہ صحت کے مطابق تمام لاشوں کا جناح ہسپتال میں پوسٹ مارٹم کیا گیا اور 16 لاشوں کی شناخت کی گئی ،

50 لاشوں کی شناخت نہیں ہوسکی ۔محکمہ صحت نے بتایا کہ سول ہسپتال میں 31 لاشیں منتقل کی گئی ہیں جن میں 6 خواتین اور 25 مرد ہیں۔محکمہ صحت کے مطابق سول ہسپتال میں صرف 3 میتوں کی شناخت ہوئی ،28 لاشوں کی شناخت نہیں ہو پائی ہے۔ریسکیو حکام کے مطابق سول اور جناح ہسپتال سے اب لاشوں کو ایدھی سردخانہ سہراب گوٹھ اور ایف ٹی سی چھیپا سردخانہ منتقل کردیا گیا ۔

ریسکیو حکام کے مطابق تمام لاشوں کے ڈی این اے کےلئے نمونے لینے کے بعد منتقل کیا گیا ، اب تک صرف 19 لاشوں کی شناخت ہوسکی ۔دریں اثناءپاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) نے بھی جائے حادثہ سے 97 لاشیں نکالنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صرف 2 مسافر محفوظ رہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق متاثرہ علاقے کے 25 مکانات کوکلیئرکردیا گیا ہے اور متاثرہ مکانات کے رہائشی مختلف مقامات پررہائش پذیر ہیں۔نادرا ترجمان کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے زیادہ ترافراد کی لاشیں جھلسی ہوئی ہیں جوناقابل شناخت ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ 3 جاں بحق افراد کے موقع پرانگوٹھوں کے نشان لیے گئے جس میں سے 2 لاشوں کی نادرا نے شناخت کرلی ہے۔دوسری جانب ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن کا کہنا تھا کہ لاشوں کی شناخت کے لیے ٹیم میں تین فوکل پرسن تعینات کیے ہیں تاہم جاں بحق افراد کی شناخت کا عمل ڈی این اے کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بتایا کہ ایس ایس پی انویسٹی گیشن کورنگی جنید احمد ٹیم کی سربراہی کریں گے، ڈی ایس پی رستم سول ہسپتال میں تعینات ہوں گے جبکہ جناح ہسپتال میں ڈی ایس پی آفتاب عالم ڈیسک کی نگرانی کریں گے۔ڈپٹی کمشنر کورنگی کے مطابق طیارہ ماڈل کالونی جناح گارڈن کے بلاک اے اورآر میں گراجس سے 19گھروں کو نقصان پہنچا ان میں 2 گھر مکمل طور پرجل گئے۔

ڈی سی کورنگی کے مطابق طیارہ حادثے میں کالونی کا کوئی رہائشی جاں بحق نہیں ہوا اور صرف تین خواتین زخمی ہوئیں جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ متاثرہ گھروں کے 16 رہائشیوں کو شارع فیصل پر واقع ہوٹل میں ٹھہرایا گیا ہے جنہیں ہر قسم کی سہولت کی ہدایت کی گئی ہے۔ ماڈل کالونی میں گرنے والے طیارے کے حادثے میں جاں بحق اور زخمیوں کی تلاش کےلئے ہونے والا سرچ آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے جس کے بعد جہاز کا ملبہ ہٹانے کا کام شروع کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں