لاہور26دسمبر(زاہد انجم سے)جنرل ہسپتال نے پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن (PHC) کے تمام وضع کردہ معیارات اور ایس او پیز (SOPs) پر پورا اترتے ہوئے باقاعدہ آپریشنل لائسنس حاصل کر لیا، یہ سنگِ میل ادارے کی ایک شاندار کامیابی اور پیشہ ورانہ معیار کا عکاس ہے۔اس موقع پر پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے ایم ایس ڈاکٹر فریاد حسین کے ہمراہ تمام ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈیکل سٹاف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لائسنس کا اجرا ہسپتال کے عملے کی پیشہ ورانہ محنت اور لگن کا نتیجہ ہے اور یہ لائسنس جنرل ہسپتال کی ساکھ میں مزید اضافہ کا باعث بنے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق مریضوں کو اسٹیٹ آف دی آرٹ اور معیاری طبی سہولتیں (کوالٹی ہیلتھ کیئر) فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل اور ایم ایس پروفیسر فریاد حسین نے اس بات پر زور دیا کہ ہسپتال میں مریضوں کے طبی ریکارڈ کو مکمل طور پر اپڈیٹ رکھنے اور ملازمین کی حاضری کو سو فیصد یقینی بنا کر نظم و ضبط کے اعلیٰ معیار قائم کیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مریضوں کو بہترین ماحول فراہم کرنا ہمارا نصب العین ہے اور اس لائسنس کے حصول کے بعد دکھی انسانیت کی خدمت کے مشن کو مزید مستحکم کیا جائے گا تاکہ علاج معالجے کا معیار پائیدار بنیادوں پر برقرار رکھا جا سکے۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہسپتال انتظامیہ اور ہیلتھ پروفیشنلز کا مستقبل کا ہدف جے سی آئی ایکریڈیشن حاصل کرنا ہے، جس کیلئے ٹیم ورک کے ساتھ اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں۔
٭٭٭٭