کراچی(عکس آن لائن ) شہر قائد میں پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کی جانب سے شروع کی جانے والی کلین کراچی مہم روک دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں قائم نالوں پہ کھڑی بھاری مشینری کی واپسی شروع ہوگئی ہے اور ایف ڈبلیو او کا عملہ بھی واپس جا رہا ہے۔وفاقی وزیر علی زیدی کے ترجمان نے اس ضمن میں بتایا ہے کہ کلین کراچی مہم کو گورنر سندھ عمران اسماعیل کی خصوصی ہدایت پر روکا گیا ہے۔ انہوں نے بطور خاص ہدایات دی ہیں کہ محرم الحرام تک جاری کام کو روک دیا جائے۔ترجمان وفاقی وزیرعلی زیدی کے مطابق اب تک جتنا کچرا بھی برساتی نالوں سے نکالا گیا ہے اسے لینڈ فل سائیٹ تک پہنچانا اولین ترجیح ہے۔ وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کی جانب سے پانچ اگست 2019 کو کلین کراچی مہم کا باقاعدہ آغاز کیا گیا تھا۔