وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا

مولانا فضل الرحمن کشمیریوں کے یوم سیاہ کو ناکام بنانا چاہتے ہیں، وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا

اسلام آباد(عکس آن لائن ) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کا آزادی مارچ بے مقصد ہے اور یہ پوری قوم بھی جانتی ہے۔

نجی ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا خود چیئر مین کشمیر کمیٹی رہ چکے ہیں ، اس کے باوجود 27 اکتوبر کو مارچ کا اعلان کیا ہے۔ شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ مولانا کشمیریوں کے یوم سیاہ کو ناکام بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا سیاسی طور پر احتجاج کرنا چاہتے ہیں تو ضرور کریں ہم ان کو کچھ نہیں کہیں گے، ہمیں خدشہ ہے کہ وہ مدرسوں کے چھوٹے چھوٹے بچوں کو لاکر انہیں ڈھال کے طور پر استعمال کرنا اور دھرنا دینا چاہتے ہیں جس کی انہیں اجازت نہیں دی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے اندر کوئی مذہبی ایشو نہیں چل رہا ، گستاخی رسول کے بارے میں کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا، ہم ہر مسلے کے حل کے لئے ہم خود حاضر ہیں ۔ وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ میں تقریر کرتے ہوئے اہل مغرب کو ان کی زبان میں سمجھایا ہے کہ اسلام کتنا پرامن مذہب ہے اور ہم اپنے پیغمبر حضرت محمدسے کتنی محبت کرتے ہیں۔ شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اپنا احتجاج کریں تاہم اگر انہوں نے مدرسوں کے بچوں کو سڑکوں پر لانے کی کوشش کی تو ہم انہیں سختی سے روکیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں