لاہور( عکس آن لائن )ایران پاک فیڈریشن آف کلچر اینڈٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے کہا ہے کہ قومی معیشت کو کالے دھن کے اثرات سے بچا ئے بغیر آگئے نہیں بڑھا جا سکتا،حکومت کی مثبت پالیسیوں کی وجہ سے ماہانہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں کمی اور ملکی برآمدات میں اضافہ خوش آئند ہے،معیشت کو دستاویزی بنانا ملکی معاشی استحکام کیلئے ضروری ہے، تاجر برادری معیشت کی بحالی کے لئے حکومتی کوششوں کا ساتھ دے۔
ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے انہوں نے ایف پی سی سی آئی کے زیراہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق دور میں ہر طبقے نے حتی المقدور ریاست کے وسائل کو جی بھر کر لوٹا جب ریاست کے خزانے کی بات آتی ہے تو سب اپنی محرومیاں ‘ ناکامیاں اور ناعاقبت اندیشیوں کو ریاست کے حساب میں ڈال کر بری الذمہ ہو جاتے ہیں،قرض کے پیسے کو ٹرانسپورٹ منصوبوں،بجلی کے پیداواری کارخانوں اور شاہراہوں پر خرچ کیا جاتا رہا جس کی وجہ سے مسائل بڑھ گئے،غیر ملکی قرضے ڈالر میں ہیں لیکن ایسا کوئی منصوبہ شروع نہیں کیا گیا جس سے فارن ایکسچینج آئے اور قرضوں کی واپسی ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ ملک کا مستقبل مضبوط معیشت سے وابستہ ہے، کاروباری برادری اور حکومت کی مضبوط پارٹنر شپ معیشت اور ملک کی ترقی کیلئے نہایت اہم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں جب حالات سازگار نہ تھے، بیس سے زائد ملٹی نیشنل کمپنیاں یہاں سے رخصت ہو گئی تھیں اب جبکہ ملک میں امن و امان کی صورتحال کی یقین دہانی آرمی چیف خود کرا رہے ہیں تو امیدِ واثق ہے کہ بیرونی سرمایہ کار جلد پاکستان کا رخ کریں گے ۔